خطبات بخاری شریف
مدارس میں بخاری شریف کی تدریس کے آغاز اور اختتام پر اکابر شیوخ الحدیث کی علمی وعملی اور اصلاحی خطبات کا مجموعہ ۔ مرتب: قاری محمد اسحاق ملتانی ۔ مطبوعہ ادارہ تالیفات اشرفیہ
اس امت میں ایک ایسی کتاب ہے جس کو بلااختلاف مسلک و مشرب اصح الکتب کا درجہ حاصل ہے ۔ برصغیر میں اسی کتاب “صحیح البخاری شریف” سے تعلیمی ادارے سالِ نو کا آغاز کرتے ہیں ۔ اور پھر جب تعلیمی سال مکمل ہوجاتا ہے تو اختتام بخاری شریف کی تقریب کا بھی انعقاد ہوتا ہے ۔ یہ مدارس اسلامیہ کا دیرینہ طریقہ چلا آرہا ہے ۔ پورے پاکستان میں شہر شہر اور قریہ قریہ تقریبات بخاری کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں بخاری شریف سے متعلق گراں قدر تعلیمی وتدریسی خدمات ہورہی ہیں ۔ بنین و بنات کے لحاظ سے اتنی بڑی تعداد تکمیل صحاح ستہ کرتی ہے ۔
اس کتاب میں شیوخ الحدیث کے منتشر خطبات جمع کئے گئے ہیں ۔ وہ خطبات جو افتتاح بخاری کی تقریب میں بیان کئے گئے تھے ۔ جبکہ اس کتاب کے دوسرے حصہ میں تکمیل بخاری کے موقع پر دئیے گئے خطبات جمع کئے گئے ہیں ۔ قاری محمد اسحاق ملتانی (مدیر ماہنامہ محاسن اسلام) جو کہ اس کتاب کے مرتب ہیں ۔ انہوں نے بڑی محنت و سلیقہ سے ان تقاریر کا گلدستہ تیار کیا ہے اور انکو شائع کرنے کی سعادت حاصل کی ہے ۔ اس کتاب میں مولانا انور شاہ کشمیری، مولانا حسین احمد مدنی، مولانا زکریا کاندھلوی اور علامہ شبیر احمد عثمانی رحمہم اللہ تعالیٰ جیسے کبار علمائے کرام کے خظبات بھی موجود ہیں ۔